ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات کی حکومت نے نئے سال کے موقع پر یکم جنوری 2026 کو سرکاری اور نجی شعبے کے ملازمین کے لیے بامعاوضہ عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق وفاقی اتھارٹی نے بتایا ہے کہ جمعہ 2 جنوری کو وفاقی حکومت کے ملازمین کے لیے ریموٹ ورک کا دن ہوگا، تاہم جن ملازمین کی ذمہ داریاں دفتر میں حاضری کے بغیر ممکن نہیں ہوں گی، انہیں دفاتر آنا ہوگا۔
سرکاری اعلان کے مطابق یکم جنوری بروز جمعرات ملک بھر کے تمام سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے۔ اس فیصلے کا مقصد ملازمین کو نئے سال کا آغاز آسان اور پرسکون انداز میں کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
دوسری جانب نئے سال کے موقع پر یو اے ای بھر میں تقریبات کی تیاریاں بھی عروج پر ہیں۔ راس الخیمہ میں 6 کلومیٹر طویل ساحل پر 15 منٹ تک شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ دبئی میں گلوبل ولیج، اٹلانٹس دی پام اور بلیو واٹرز آئی لینڈ پر آتش بازی، ڈرون شوز، کنسرٹس اور بیچ پارٹیز کا اہتمام کیا جائے گا۔
ابوظبی میں شیخ زاید فیسٹیول کے دوران 62 منٹ طویل آتش بازی اور دنیا کے سب سے بڑے ڈرون شو کی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔