ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

تشدد کرنے والوں کیخلاف رجب بٹ کے وکیل کا اہم اعلان کردیا

تشدد کرنے والوں کیخلاف رجب بٹ کے وکیل کا اہم اعلان کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:  یوٹیوبر رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق نے سٹی کورٹ کراچی میں وکلا کی جانب سے مبینہ تشدد کے واقعے پر قانونی کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔ اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ چند وکلا کے پُرتشدد رویے سے ملک بھر کے لاکھوں وکلا کی ساکھ متاثر ہوئی ہے اور عدالتی نظام پر عوام کا اعتماد مجروح ہوا ہے۔

میاں علی اشفاق کے مطابق تشدد میں ملوث ایک وکیل کا ریکارڈ دیکھا گیا ہے جو متعدد مقدمات میں مدعی یا گواہ کے طور پر شامل ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ خود کو متاثرہ فریق کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث وکلا کے خلاف مقدمہ درج کرانے کی درخواست تیار کر لی گئی ہے اور قانونی کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ رجب بٹ کے جسم پر تشدد کے واضح نشانات موجود ہیں اور انہیں گہرے زخم آئے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ملوث وکلا کے خلاف نہ صرف قانونی کارروائی کی جائے گی بلکہ ڈسپلنری ایکشن کے لیے کراچی بار، ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ یوٹیوبر رجب بٹ اور ندیم نانی والا پیر کے روز ایک مقدمے میں پیشی کے لیے سٹی کورٹ کراچی آئے تھے، جہاں مبینہ طور پر وکلا کے ایک گروپ نے ان پر حملہ کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق حملے کے دوران رجب بٹ کے جبڑے اور منہ پر چوٹیں آئیں، خون بہنے لگا اور ان کے کپڑے بھی پھاڑ دیے گئے۔

واقعے کے بعد عدالتی عملہ اور پولیس موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کو قابو میں کیا۔ رجب بٹ کے خلاف حیدری تھانے میں توہین مذہب کا مقدمہ درج ہے، جس میں وہ عبوری ضمانت پر ہیں۔