حسن خالد: عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ راجہ ناصر عباس اور سنی اتحاد کونسل کے چیئر مین حامد رضا کی ملاقات۔ جسٹس نجفی کمیشن رپورٹ، سانحہ ماڈل ٹاؤن، آل پارٹیز کانفرنس اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری نے دونوں رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔شہباز شریف کو استعفیٰ دینا ہی ہوگا۔صاحبزادہ حامد رضا اورراجہ ناصر عباس نے کہا کہ حکمرانوں کے ظلم کے خاتمے اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے ڈاکٹر طاہر القادری کے ساتھ ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے آل پارٹیز میں شرکت اور ڈاکٹر طاہر القادری کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سفاک حکمرانوں نے 17جون کو معصوم شہریوں کو شہید کر کے بربریت کی انتہاء کی۔ظلم کے نظام کے محافظوں نے ماڈل ٹاؤن میں خون کی ندیاں بہائیں۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کے خاتمے اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے عوامی تحریک کے ساتھ ہیں۔
ملاقات میں قاضی زاہد حسین،خرم نواز گنڈا پور، ناصر شیرازی، علامہ اسد خالق نقوی،آصف رضا، ساجد محمود بھٹی بھی موجود تھے۔