ویب ڈیسک: ملک میں جیالوں کادورآنےوالا ہے پھر ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کردیا۔
سکھرپہنچنے پراستقبال کے لیے آئے ہوئے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کو کوئی تکلیف ہے تو پیپلزپارٹی کے مراد علی شاہ سے ہے، جس پر وہ سب سے زیادہ کرپشن کرنے کا الزام لگا رہے ہیں تاہم اس حکومت کے سامنے سب سے بڑی رکاوٹ ہے تو پیپلزپارٹی اور سندھ کے وزیر اعلی مراد علی شاہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت جانتی ہے کہ اسے پٹواریوں اور مولانا سے نہیں خطرہ ہے تو صرف جیالوں سے ہے۔ اگر قائد حزب اختلاف پیپلزپارٹی سے ہو تو جیل میں ہو اور اگر قائد حزب اختلاف لاہور کا ہے تو وہ مزے میں ہوتاہے کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کے جیالوں نے ہمیشہ آمروں اور ڈکٹیٹروں کا مقابلہ کیا ہے۔
لائیو: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سکھر اسپورٹس کمپلیکس کے قریب عوام سے خطاب کررہے ہیں۔ https://t.co/bLcP836Ten
— PPP (@MediaCellPPP) August 30, 2021
ان کا کہنا تھا کہ اگر سکھرکا شاہ جیل میں ہے تو اس کی خواتین کو بھی کیسز میں دھکیلا جارہاہے ہم یاد دہانی کرانا چاہتے ہیں کہ اگر ہماری گھر کی عورتوں کو کیسز میں دھکیلا جائے گا تو آپ کے گھر کی بھی عورتیں ہیں مگر ہم عورتوں کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے جیالوں سے کہا کہ وہ اٹھ کھڑے ہوں اور تیار ہوجائیں جدوجہد کو تیز کریں، ہم پاکستان بچانے نکلے ہیں۔ ہم نے ملک کے عوام کو نہ تنہا اور لاوارث چھوڑا ہے اور نہ چھوڑیں گے، ہم سلیکیٹیڈ کو بھگا کر دم لیں گے۔