سٹی42: صوبائی حکومت نے نام نہاد احتجاج کے نام پر مریضوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے والے ڈاکٹرز ، پیرامیڈیکس کے بعد اب نرسز کیخلاف بھی سخت کارروائی کا آغاز کر دیا۔
جنرل ہسپتال کی او پی ڈی زبردستی بند کرنے والے گروہ کی لیڈر ہیڈ نرس خالدہ تبسم کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔
خالدہ تبسم جنرل ہسپتال میں "گرینڈ ہیلتھ الائنس" کی کال پر آؤٹ پیشنٹس ڈیپارٹمنٹ مین فراہم کی جا رہی علاج معالجہ کی سہولتیں بند کروانے میں ملوث تھی۔
خالدہ تبسم کو جاری کئے گئے نوٹس میں اس پر سنگین نوعیت کے مس کنڈکٹ، حکم عدولی، سٹاف کو اکسانے کے چارجز فریم کئے گئے تھے۔ اس نے ہسپتال کے آڈیٹوریم میں بلا اجازت اجتماع کیا اور اس میں دوسرے ہسپتالوں کے سٹاف کے ساتھ غیر متعلقہ افراد کو بھی بلایا۔ اس اجتماع میں پبلک فنکشنریز کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔
خالدہ تبسم کے اقدامات سے ہسپتال میں ڈیکورم تباہ ہو گیا، مریضوں کے علاج معالجہ کا کام رک گیا، مریضوں کو مشکلات پیش آئیں۔ اس صورتحال کے متعلق ہسپتال کی انتظامیہ کی شکایت پر سپیشلائزڈ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے خالدہ تبسم کو 16 اپریل کو اظہار وجود کا نوٹس بھیجا جس مین مس کنڈکٹ کی مفصل نشاندہی کی گئی تھی۔ ہیڈ نرس نے اس نوٹس کا جواب 18 اپریل کو دیا۔ اس جواب میں خالدہ تبسم نے اپنے آڈیٹوریم میں اجتماع کرنے اور تقریر کرنے کو جسٹیفائیڈ قرار دیا۔ اس جواب مین اس نے گرینڈ ہیلتھ الائنس کا بھی حوالہ دیا۔

24 اپریل کو سپیشلائزڈ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے ہیڈ نرس خالدہ تبسم کو جنرل ہاسپٹل کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کے ساتھ پرسنل ہئیرنگ کا موقع دیا۔ ایڈیشنل سیکرٹری نے یہ سماعت کی۔ اس میں ہسپتال کے ایم ایس کی طرف سے ڈائریکٹر او پی ڈی ڈاکٹر محمد عدنان مسعود پیش ہوئے۔ انہوں نے تفصیل سے بتایا کہ ہاسپٹل انتظامیہ نے اپنے آڈیٹوریم میں کسی اجتماع کے لئے کوئی اجازت نامہ جاری نہین کیا تھا، انتظامیہ سے ایسی کوئی اجازت طلب کی ہی نہیں گئی تھی، ہیڈ نرس خالد تبسم نے جس اجتماع کی صدارت کی اس کے اختتام پر ہسپتال کی حدود میں جلوس نکالا گیا تھا۔ اور ہسپتال کے کام میں خلل ڈالا گیا تھا۔ ہیڈ نرس خالدہ تبسم نے اس سماعت میں ایک بار پھر اپنے کنڈکٹ کے صحیح ہونے پر اصرار کیا۔
پرسنل ہئیرنگ کرنے والے ایڈیشنل سکیرٹری کی رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ ہیڈ نرس نے اپنے مس کنڈکٹ کے زمرہ مین آنے والے افعال کو حق بجانب قرار دیا ہے۔ اس کے اقدامات سے ہسپتال میں کام متاثر ہوا اور مریضوں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوا، اسے صفائی کا پورا موقع دیا گیا۔ اب اس کو پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت ملازمت سے برخواست کیا جا رہا ہے۔
سٹی 42 کے رپورٹر زاہد چوہدری نے رپورٹ کیا کہ او پی ڈی ہڑتال میں شرکت پر خالدہ تبسم کیخلاف کارروائی کی گئی۔