ویب ڈیسک: بھارت میں بڑھتی ہوئی انتہاپسندی کے باعث ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، کرکٹ میچ کے دوران "پاکستان زندہ باد" کا نعرہ لگانے پر مشتعل ہجوم نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بناڈالا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ کے فوراً بعد زخمی نوجوان کو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم شدید چوٹوں اور زیادہ خون بہنے کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہو سکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بار بار مارنے اور خون کے زیادہ بہاؤ کو موت کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 10 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
بھارت میں اس واقعے نے اقلیتوں اور مخالف رائے رکھنے والوں کے تحفظ سے متعلق سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ انسانی حقوق کے کارکنوں نے واقعے کو آزادی اظہار پر حملہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔