علی ساہی : پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کے تحت ڈی آئی جی ٹریفک کے احکامات پر زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 7 کروڑ 12 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے اور 76 ہزار شہریوں کے چالان کیے گئے۔
سنگین ٹریفک وائلیشنز پر 1402 ایف آئی آرز درج کی گئیں اور 1390 افراد کو حوالات میں بند کیا گیا۔ بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے 11 ہزار 700 افراد کو بھاری جرمانے اور ایف آئی آر کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ون وے کی خلاف ورزی پر 4 ہزار سے زائد افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی گئی۔
مزید برآں، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے والے 12 ہزار سے زائد افراد کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے، جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ پر پیسنجر اوور لوڈنگ کرنے پر 1397 گاڑیوں کو بھاری جرمانے کے ساتھ بند کر دیا گیا۔
صوبہ بھر میں 3 ہزار سے زائد کم عمر ڈرائیورز کے خلاف بھی سخت کارروائی کی گئی۔ سموگ کے تدارک کے لیے 7 ہزار 200 سے زائد گاڑیوں کے چالان کیے گئے اور گاڑیاں بند کی گئیں، جبکہ 1500 غیر محفوظ گاڑیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے اور 421 گاڑیاں بند کی گئیں۔ ٹریفک میں خلل ڈالنے والے نشئیوں اور بھکاریوں کے خلاف 36 ایف آئی آرز درج کی گئیں، جبکہ غیر نمونہ نمبر پلیٹ والے 3875 اور غلط پارکنگ کرنے والے 1262 افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی گئی۔
ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے کہا کہ یہ سخت کاروائیاں انسانی زندگیوں کے تحفظ اور منظم ٹریفک کے حصول کے لیے جاری رکھی جائیں گی۔