چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ کشمیر کا کوئی بھی سوداممکن نہیں ، ہم کبھی بھی کشمیر کو نہیں بھول سکتے۔ ہندوستان جان لے کہ پاکستان کشمیر کو کبھی نہیں چھوڑے گا۔ چیف آف آرمی سٹاففیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) چیف آف آرمی سٹاف کی مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، پرنسیپلز اور سینئر اساتذہ کرام سے خصوصی ملاقات کے دوران یہ باتیں کہیں۔
بات چیت کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا، پانی پاکستان کی ریڈ لائن ہے۔ ہم 24 کروڑ پاکستانیوں کے اس بنیادی حق پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔
انہوں نے کہا، پاکستان، ہندوستان کی نام نہاد اجارہ داری کبھی قبول نہیں کرے گا۔ ہندوستان نے کئی دہائیوں سے کشمیر کے مسئلے کو دبانے کی کوشش کی مگر وہ ناکام ہو چکا ہے، اب یہ ممکن نہیں رہا ۔ دہشت گردی ہندوستان کا اندرونی مسئلہ ہے جس کی بنیادی وجہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر بڑھتا ہوا ظلم اور تعصب پسندی ہے، جبکہ کشمیر ایک عالمی سطح کا مسئلہ ہے ۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا، بلوچستان میں دہشت گرد فتنہ الہندوستان ہیں، ان کا بلوچوں سے کوئی تعلق نہیں۔
پاکستان کے چوٹی کے ٹیچرز اور اکیڈمیشنز کے اجتماع سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا، اساتذہ کرام پاکستان کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں۔ میں آج جو کچھ بھی ہوں ، اپنے والدین اور اساتذہ کرام کی وجہ سے ہوں۔
انہوں نے کہا، پاکستان کی اگلی نسلوں کی کردار سازی اساتذہ کرام کی ذمہ داری ہے ۔ آپ(اساتذہ) نے پاکستان کی کہانی اپنی اگلی نسلوں کو بتانی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا، "معرکہ حق" میں اللہ تعالیٰ نے ہر طرح سے پاکستان کی مدد کی، معرکہ حق اس بات کا ثبوت ہے کہ جب پوری قوم آہنی دیوار بن جائے تو دنیا کی کوئی طاقت اُسے گرا نہیں سکتی.
انہوں نے مزید کہا، ہم نے پاکستان کو ایسی مضبوط ریاست بنانا ہے جس میں تمام ادارے قانون کے مطابق ، آئین کے تحت، بغیر کسی سیاسی دباؤ، مالی اور ذاتی فائدے کے ، عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں۔
انہوں نے اپیل کی کہ جو کوئی بھی ریاست کو کمزور بنانے کا بیانیہ بنانے کی کوشش کرے اُس کی نفی کریں۔
اس ملاقات میں شرکاء نے سوال جواب سیشن میں جو تاثرات دیئے ان کا لب لباب یہ تھا، "یہ جو محفوظ دھرتی ہے ، اس کے پیچھے وردی ہے."
اساتذہ نے کہا ہمیں پاکستان اور اپنی مسلح افواج پر فخر ہے اور ہم ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

