ویب ڈیسک :امریکہ کی ریاست میری لینڈ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو فلوریڈا سے واپسی کے دوران طیارے میں ایک بچے پر مبینہ طور پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
یہ واقعہ میموریل ڈے کے موقع پر اورلینڈو سینفورڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق، 46 سالہ کرسٹی کریمپٹن نے مبینہ طور پر اس وقت بچے کو مارا جب اس نے انہیں ”موٹی“ اور ”مس پِگی“ کہہ کر مذاق اُڑایا۔
کریمپٹن نے غصے میں آ کر بچے کو تھپڑ مارا اور اس کا سر جہاز کی کھڑکی سے دے مارا۔
پرواز میں موجود مسافروں نے پولیس کو بتایا کہ خاتون نے بچے کو صرف ڈانٹا نہیں بلکہ اس پر ہاتھ اٹھایا، جسے وہ ”بدسلوکی“ قرار دیتے ہیں۔
کرسٹی کریمپٹن کا کہنا ہے کہ بچہ پورے سفر کے دوران بدتمیزی کر رہا تھا، انہوں نے اسے سزا کے طور پر موبائل فون واپس لے لیا، جس پر بچے نے ان کا بازو دھکیل دیا۔
خاتون کے مطابق، اسی ردِعمل میں انہوں نے بچے کو مارا تاہم، پولیس نے دونوں کے درمیان تعلق کی وضاحت نہیں کی کہ آیا وہ بچہ ان کا اپنا تھا یا نہیں۔
واقعے کے بعد خاتون کو چائلڈ ابیوز (بچے پر تشدد) کے الزام میں گرفتار کر کے سیمینول کاؤنٹی جیل منتقل کر دیا گیا، جہاں سے انہیں 10,000 امریکی ڈالر کے ضمانتی مچلکے پر رہا کر دیا گیا۔