ویب ڈیسک : ایرانی بندرگاہ میں میزائل حملے میں کراچی کا رہائشی نوجوان جاں بحق ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق 23 مارچ کی شب پورٹ بندر عباس ایران میں ٹگ بوٹ پر میزائل حملہ کیا گیا ۔حملے میں ماری پور یونس آباد کا رہائشی یاسر خان جاں بحق اور اسکا دوست سبحان زخمی ہوا۔یاسر خان ٹگ بوٹ پر ڈیوٹی کرتا تھا ۔
پانچ روز گزر گئے تاحال حکومتی سطح پر میت کی واپسی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے جاسکے ۔
لواحقین نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے ہم سے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی کوئی معلومات دی جارہی ہیں، ہم اپنی مدد آپ کے تحت کوششیں کررہے ہیں۔
یاسر کے والد کاکہناتھا کہ میرا سب سے چھوٹا بیٹا حملے میں جاں بحق ہوگیا ہے ، میرے بیٹے کی میت ہی واپس لادو۔ ان کاکہناتھا کہ یاسر چھ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا اور تین سالہ بچے کا باپ تھا۔
یاسر کے بھائی واجد خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے میت پاکستان پہنچانے کے لیے کوئی رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی مدد کی۔
یاسر کے دوست فضل خان کاکہناہے کہ سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومت سے مدد کی درخواست کی ہے ۔