(علی اکبر) پنجاب حکومت نے بے روزگارافراد کی مالی امداد کی انوکھی پالیسی متعارف کرا دی، انٹرنیٹ سے ناواقف افراد مالی امداد کے لیے آن لائن فارم جمع کرائیں گے۔
شہرمیں کورونا کے وار تیز ہوئے تو حکومت کو جزوی لاک ڈاؤن کرنا پڑا، جس کے باعث روزانہ کی بیناد پر اجرات کمانے والا طبقہ بری طرح متاثر ہوا،ان افراد کی مالی امداد کے لیے حکومت نےاعلان توکیا لیکن طریقہ کار مشکل ہونے سے مالی امداد کا حصول نا ممکن ہوگیا۔
جماعت اسلامی کے رہنما احمد سلمان بلوچ کا کہنا ہےکہ جن لوگوں کو انٹرنیٹ کا استعمال کرنا نہ آتا ہو وہ کیسے آن لائن فارم پُر کریں گے؟ حکومت مالی امداد کا طریقہ کار آسان کرے۔
سیاسی و سماجی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے مالی امداد کا اعلان مثبت ہے لیکن طریقہ کار کو آسان کرنا حالات کا تقاضہ ہے۔
واضح رہےکہ دنیا بھر میں تباہی پھیلانے والے کورونا وائرس نے پاکستان میں بھی ڈیرے ڈال لیے، اس مہلک وائرس کے باعث 13 افراد موت کے منہ میں چلے گئے ہیں، ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 1500 سے تجاوز کر گئی، صوبہ پنجاب کورونا کیسز کی تعداد میں صوبہ سندھ سے بھی آگے نکل گیا، سندھ میں 481 خیبر پختونخوا میں 188، بلوچستان میں 138، گلگت بلتستان میں 107، اسلام آباد میں 43 ، پنجاب میں سب سے زیادہ 558 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے، کورونا وائرس کی علامات میں سانس لینے میں دشواری، بخار، کھانسی اور نظام تنفس سے جڑی دیگر بیماریاں شامل ہیں۔
اس جان لیوا وائرس سے بچنے کیلئے طبی ماہرین کی جانب سے لوگوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ لوگوں سے ہاتھ ملانے ، میل جول اور خاص طور پر انجان لوگوں سے دور رہیں۔