سٹی 42: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات سے قبل مسلم لیگ (ن) کو حلقہ ایل اے 15 وسطی باغ میں بڑا سیاسی دھچکا لگ گیا۔ پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد خان نے مسلم لیگ (ن) کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔
ڈاکٹر محمد خان نے اپنا استعفیٰ صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر شاہ غلام قادر کو ارسال کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ پارٹی قیادت نے میرٹ، شفافیت اور جمہوری اصولوں کے برعکس فیصلہ کیا، جس سے ہزاروں کارکنوں میں مایوسی پھیلی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی حمایت کے باوجود انہیں ٹکٹ سے محروم رکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ "ووٹ کو عزت دو" کے نعرے کے برعکس فیصلوں نے کارکنوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی، جبکہ ناانصافی اور میرٹ کی پامالی کے باعث انہیں پارٹی چھوڑنے کا مشکل فیصلہ کرنا پڑا۔ تاہم انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
ذرائع کے مطابق بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد خان کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) باغ کے متعدد مرکزی عہدیدار اور رہنما آج ایک نئی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کریں گے۔