ملک اشرف:لاہور ہائیکورٹ نے سندر کے علاقے میں سونا اور دیگر گھریلو اشیاء کی چوری کے مقدمات میں نامزد ملزم کبیر احمد کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے وکیلِ صفائی کو ویڈیو شہادت پیش کرنے کے لیے آئندہ سماعت تک مہلت دے دی۔
جسٹس محمد طارق ندیم نے درخواستِ ضمانت پر سماعت کی، جس دوران تفتیشی افسر سندر اور دیگر پولیس افسران سرکاری وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ ملزمان کو کن تاریخوں پر گرفتار کیا گیا، جبکہ جسٹس محمد طارق ندیم نے ریمارکس دیے کہ ملزمان ابتدائی ایف آئی آر میں نامزد نہیں تھے۔
اس پر سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کو بعد ازاں ترمیمی بیان کے ذریعے مقدمے میں نامزد کیا گیا۔ سرکاری وکیل نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ دو مقدمات کے وقوعہ کی ویڈیو ریکارڈنگ موجود ہے اور تفتیشی بیان بھی ریکارڈ کا حصہ ہے۔
جسٹس محمد طارق ندیم نے ریمارکس دیے کہ عدالت چھٹیوں سے قبل ویڈیو شہادت کے حوالے سے فیصلہ بھی دے چکی ہے اور ویڈیو شہادت قابلِ اعتماد سمجھی جا سکتی ہے۔
عدالت نے فریقین کے وکلاء کو آئندہ سماعت پر تفصیلی دلائل کی تیاری کے لیے مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔