گردوں کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کیلئے بری خبر

گردوں کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کیلئے بری خبر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( زاہد چوہدری ) حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ہسپتالوں میں مفت ڈائلیسز کے بجٹ میں ریکارڈ کمی کر دی، رواں مالی سال بجٹ میں 90 کروڑ مختص کئے گئےتھے، ڈائلسز  کے سامان کی قیمت بڑھنے کے باوجود آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ساڑھے بائیس کروڑ کی کمی کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کے مفت علاج معالجے کے دعوؤں کے برعکس گردوں کے مریضوں کیلئے مفت ڈائلسز کیلئے بجٹ میں کمی کر دی گئی ہے۔ حکومت نے مالی سال برائے 2019۔ 20 کے دوران گردوں کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کو سرکاری ہسپتالوں میں مفت ڈائلسز کی سہولت دینے کیلئے 90 کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اب مالی سال 2020۔ 21 میں مفت ڈائلسزکیلئے 67 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں، مفت ڈائلسز کی سہولت دینے کیلئے بجٹ میں ساڑھے 22 کروڑ روپے کی کمی سے علاج معالجہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈائلیسز میں استعمال ہونے والے ڈسپوزایبل سامان کی قیمتیں بڑھنے سے پہلے ہی بجٹ میں کمی کا سامنا تھا۔ بجٹ کم ہونے سے علاج کی فراہمی مزید مشکلات سے دوچار ہوجائے گی۔

دوسری جانب صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ہدایت پر محکمہ صحت پنجاب نے صوبہ بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج، بستروں اور وینٹی لیٹرزکی تفصیلات جاری کردیں۔

محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن اور محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر نے تمام سرکاری ہسپتالوں کے اعداد وشمارجاری کئے ہیں۔ سیکرٹری صحت بیرسٹر نبیل اعوان کے مطابق پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کیلئے مختص کئے گئے 8958 میں سے 7627 بیڈز خالی ہیں جبکہ لاہورکے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کیلئے مختص کئے گئے 2347 میں سے 1945 بیڈزخالی ہیں۔

اسی طرح صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں کے آئسولیشن وارڈز میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کیلئے مختص کئے گئے 5882 میں سے 5237 بیڈز خالی ہیں۔ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں کے آئسولیشن وارڈز میں 1633 میں سے 1515 بیڈز خالی ہیں۔

پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے ہائی ڈیپنڈینسی یونٹس کے 2573 میں سے 1997 بیڈز خالی ہیں جبکہ لاہور کے سرکاری ہسپتالوں کے ہائی ڈیپنڈینسی یونٹس میں 508 میں سے 324 بیڈزخالی ہیں۔