عابد چودھری: گلبرگ کے علاقے میں ہومیوپیتھک کلینک پر فائرنگ کے واقعے میں علاج معالجے کے لیے آنے والا شہری جاں بحق جبکہ ڈاکٹر زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران موقع پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق مقتول عبداللہ طاہر اوکاڑہ کا رہائشی تھا، جو معمول کے چیک اپ اور فزیوتھراپی کے لیے کلینک آیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دو مسلح ملزمان کلینک میں داخل ہوئے اور عبداللہ طاہر پر فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہو گئے۔
فائرنگ کے دوران کلینک کے ڈاکٹر ریاض خان بھی گولی لگنے سے زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر ریاض خان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس کے سامنے واقع ہومیوپیتھک کلینک میں پیش آیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ایس پی ماڈل ٹاؤن کو ملزمان کی فوری ٹریسنگ اور گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیف سٹیز کیمروں اور دیگر تکنیکی ذرائع کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا جا رہا ہے، جبکہ فرانزک ٹیم جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔