عرفان ملک: انسانی سمگلنگ کے بڑھتے ہوئے چیلنجز کے پیش نظر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انسداد انسانی سمگلنگ کی استعدادکار میں اضافے کا فیصلہ کر لیا ۔
ذرائع کے مطابق پنجاب میں انسداد انسانی سمگلنگ کے مزید سرکلز قائم کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس کا مقصد انسانی سمگلروں کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر اور تیز بنانا ہے۔
اس وقت پنجاب میں ایف آئی اے کے انسداد انسانی سمگلنگ کے 4 سرکلز فعال ہیں، جو لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان میں کام کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی تارکین وطن کی نقل و حرکت روکنے کے لیے ایف آئی اے اپنے نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے پر غور کر رہا ہے۔ نئے سرکلز کے قیام سے پنجاب کے مزید علاقوں کو انسداد انسانی سمگلنگ کے دائرہ کار میں شامل کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اضافی سرکلز کے قیام کے بعد انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف تحقیقات اور کارروائیوں میں تیزی لائی جائے گی، جبکہ غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے افراد اور سہولت کاروں کے خلاف بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔