ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

مون سون بارشیں: ستھرا پنجاب لاہور کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک، صفائی آپریشن جاری

مون سون بارشیں: ستھرا پنجاب لاہور کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک، صفائی آپریشن جاری
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

طاہر جمیل:مون سون بارشوں کے دوران شہر میں صفائی اور نکاسی آب کے نظام کو برقرار رکھنے کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی لاہور کی آپریشن ٹیمیں فیلڈ میں متحرک کر دی گئی ہیں۔

ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی عمر جاوید کی ہدایت پر شہر بھر میں ویسٹ کلیئرنس اور صفائی آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔ حکام کے مطابق بارش کے دوران اور بعد ازاں فوری نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی ٹیمیں مختلف مقامات پر تعینات کی گئی ہیں۔

ستھرا پنجاب کی آپریشن ٹیمیں لاہور کی مرکزی شاہراہوں پر صفائی انتظامات کی نگرانی کر رہی ہیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ جیل روڈ، مال روڈ، داتا دربار، سرکلر روڈ، ایک موریہ پل، دو موریہ پل اور میکلوڈ روڈ سمیت اہم مقامات پر صفائی عملہ موجود ہے۔

حکام کے مطابق لکشمی چوک، شادمان مارکیٹ، گلبرگ، برکت مارکیٹ، ایوان تجارت اور ٹیمپل روڈ پر بھی ٹیمیں تعینات ہیں جو بارش کے بعد صفائی اور ویسٹ کلیئرنس کے امور انجام دے رہی ہیں۔

ڈی جی ستھرا پنجاب عمر جاوید نے بتایا کہ شہر میں نصب 7 ہزار سے زائد ویسٹ کنٹینرز معمول کے مطابق کلیئر کیے جا رہے ہیں، جبکہ بارشوں کے دوران صفائی کے نظام کو مؤثر رکھنے کے لیے تمام متعلقہ عملہ الرٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے اور بارش کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے آپریشنز مسلسل جاری رکھے جائیں گے۔