ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

عازمین حج سے اخراجات 2 اقساط میں لینے کا فیصلہ

عازمین حج سے اخراجات 2 اقساط میں لینے کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : وزارتِ مذہبی امور نے حج 2026ء کے لیے مالی معاملات کا ابتدائی خاکہ تیار کر لیا ہے، جس کے مطابق اخراجات دو اقساط میں وصول کیے جائیں گے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ حج کی پہلی قسط اگست کے پہلے ہفتے میں لی جائے گی، جس کی مالیت تقریباً 5 سے ساڑھے 5 لاکھ روپے کے درمیان ہو سکتی ہے۔ وزارت کے قریبی ذرائع کے مطابق رواں سال اخراجات کی وصولی ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر کی جائے گی، یعنی وہ افراد جو پہلے ادائیگی کریں گے، ان کو ترجیحی بنیادوں پر حج اسکیم میں شامل کیا جائے گا۔

 مزید بتایا گیا ہے کہ آئندہ حج سیزن کے لیے اب تک ساڑھے 4 لاکھ سے زائد پاکستانی عازمین رجسٹریشن کروا چکے ہیں، جبکہ پاکستان کو سرکاری اور نجی اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 1 لاکھ 79 ہزار 210 عازمین کا کوٹہ ملا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان، آبادی کے موجودہ تناسب کو مدنظر رکھتے ہوئے، سعودی حکومت سے 2 لاکھ 30 ہزار عازمین کا کوٹہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو حج کی سعادت حاصل ہو سکے۔

 حکام کے مطابق حج 2026ء کی دوسری قسط کی تفصیلات اور مکمل اخراجات کا اعلان سعودی عرب کی طرف سے حتمی پیکج موصول ہونے کے بعد کیا جائے گا۔

 وزارت مذہبی امور کی جانب سے رجسٹرڈ عازمین کو جلد آگاہ کیا جائے گا تاکہ وہ وقت پر اپنی ادائیگیاں مکمل کر سکیں۔