ویب ڈیسک : لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
لاہور میں رات سے ہونے والی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، شہریوں کو آمد ورفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔لاہور میں سب سے زیادہ بارش گلشن راوی میں 155 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، شدید بارش کی وجہ سے لیسکو کے 95 فیڈرز ٹرپ کر گئے، ان پر کام جاری ہے اور 75 فیڈرز پر بجلی بحال ہو گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں یکم اگست تک طوفانی بارشیں جاری رہنے کی پیشگوئی کر رکھی ہے، دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مون سون کی بارشوں میں مزید شدت آنے کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی لہر ملک کے بالائی اور وسطی حصوں پر اثر انداز ہو رہی ہیں، 30 جولائی تک کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، راولپنڈی اٹک، چکوال، لاہور سمیت پنجاب کے مختلف حصوں میں بھی مزید بارش کی توقع ہے۔
اگلے 48سے72 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کاامکان ظاہر کیا گیا ہے، 30جولائی کو دریائے کابل کی معاون ندیوں اور ڈی جی خان ہل ٹورنٹ میں سیلاب متوقع ہے، این ڈی ایم اے نے 30 اور 31 جولائی کو سکھر اور گڈو بیراجوں پر بڑے سیلاب کی وارننگ جاری کردی ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور سمیت کئی شہروں کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں سے کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے محکمہ موسمیات نے شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے اور تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔