(جنیدریاض)لاہورسمیت صوبہ بھر کے تمام سرکاری و نجی سکولز 2 اگست سے کھولنے کا حتمی اعلان کردیا گیا، کورونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر طلباء پچاس فیصد حاضری کے تحت سکول آئیں گے،ویکسنیشن نہ کروانے والے اساتذہ کو کلاس پڑھانے کی اجازت نہیں ہوگی ۔
تفصیلات کے مطابق لاہورسمیت صوبہ بھر کے تمام سرکاری و نجی سکولز 2 اگست سے کھولنے کا حتمی اعلان کردیا گیا،این سی او سی کا اجلاس نتیجہ خیز نہ نکلنے پر سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب بھر کے سکولز پیر سے کھولنے کے باقاعدہ احکامات جاری کردیئے ہیں،کورونا کی چوتھی لہر کے پیش نظر طلباء کو اس بار بھی پچاس فیصد حاضری کے تحت سکول بلوانے کی اجازت ہوگی،طلبا سخت گرمی کے باوجود ماسک گھر سے پہن کرآئیں گے، طلباء کا کہنا ہے کہ سخت گرمی اور حبس کے موسم میں سکول کھولنے کا فیصلہ درست نہیں ،حکومت فیصلہ پر نظرثانی کرے۔
والدین کا کہنا ہے کہ کورونا کیسسز کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے، موجودہ صورتحال میں بچوں کو سکول بلوانا غیر مناسب ہے،سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے پیر سے سکولوں کے اوقات کار جاری کرنے کے ساتھ ٹیچنگ و نان ٹیچنگ سٹاف کو ویکسینیشن لازمی کروانے کا پابند کیا ہے،ویکسنیشن نہ کروانے پر اساتذہ ودیگر سٹاف کو سکول داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
این سی او سی کے اجلاس میں سکولوں کو کھولنے یا بند رکھنے کا فیصلہ صوبوں پر چھوڑ دیا گیا تھا، صوبائی وزیر تعلیم مراد راس نے لاہورسمیت صوبہ بھر کے تمام سرکاری و نجی سکول 2 اگست سے کھولنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں،طلباء کو پچاس فیصد حاضری کے تحت سکول آنے کی اجازت ہوگی۔
لڑکوں کے سکول کے اوقات کار صبح ساڑھے سات بجے سے دوپہر ساڑھے 12 بجے تک ہوں گے، لڑکیوں کے سکولوں کی ٹائمنگ صبح پونے 8 بجے سے دوپہر پونے ایک بجے تک رکھی گئی ہے، اس اوقات کار کا اطلاق 15 اکتوبر تک رہے گا، سکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیلئے نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔