سٹی 42 : داتا دربار کے قریب ماں اوربیٹی کےجاں بحق ہونےکے واقعے پر صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری نے کہا ہے کہ افسوسناک واقعے پر دلی طور پر دکھی اور شرمندہ ہیں، پنجاب میں انسانی جان کے ضیاع کی کوئی معافی نہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمی بخاری نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ افسوسناک واقعے پر دلی طور پر دکھی اور شرمندہ ہیں، انتظامیہ نے غلطی چھپانے کے لیے غلط حقائق شیئر کیے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے غلطیوں اور کوتاہیوں کو نہیں چھپایا، وزیراعلیٰ نے برملا ندامت کا اظہار کیا اور گناہگاروں کو گرفتار کروایا۔
عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب میں انسانی جان کے ضیاع کی کوئی معافی نہیں، میں ذاتی طور پر بھی شرمندہ ہوں اور معافی کی طلبگار ہوں، انتظامیہ کی فراہم کردہ معلومات مجھے شیئر کرنا پڑیں، استعفیٰ دینے کے لیے بھی تیار تھی، وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عظمیٰ بخاری کی کوئی غلطی نہیں۔ آخر میں انہوں نے کہاکہ اللہ پاک سب کی حفاظت فرمائے۔