سٹی42: شہر میں جگہ جگہ پان تھوکنے کے رجحان کی روک تھام کے لیے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کی جانب سے آگاہی مہم جاری ہے، جبکہ عوامی مقامات، بس اسٹاپس اور شاہراہوں پر پان تھوکنے والوں کے خلاف جلد انفورسمنٹ کارروائیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق شہر بھر میں پان شاپس اور کمرشل مارکیٹس کے اطراف صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ واشنگ ٹیمیں مختلف علاقوں میں روڈ ڈیوائیڈرز، دکانوں اور دیواروں پر لگے پان کی پچکاریوں کی صفائی میں مصروف ہیں۔
مال روڈ، انارکلی اور لبرٹی مارکیٹ میں پان شاپس اور مارکیٹس کے گرد صفائی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اسی طرح شادمان اور مزنگ چوک، گلشن راوی، کریم بلاک، لٹن روڈ اور راوی ٹاؤن میں بھی پان شاپس کے اطراف واشنگ مکمل کر لی گئی ہے۔
ساندہ روڈ، گوالمنڈی، بھاٹی گیٹ، شالیمار ٹاؤن کے اطراف جبکہ ہربنس پورہ اور فتح گڑھ میں بھی پان شاپس کے گرد صفائی کے کام مکمل کیے جا چکے ہیں۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے چیف ایگزیکٹو بابر صاحب دین کے مطابق صفائی کے ساتھ ساتھ پان شاپس مالکان کو اپنی دکانوں کے باہر ڈسٹ بن رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔