ویب ڈیسک: کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس کھائی میں جا گری، افسوسناک واقعے میں 41 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کےمطابق بیلہ کے قریب ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں کوئٹہ سے کراچی جانے والی مسافر بس کھائی میں گر گئی، یہ حادثہ پیش آنے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر پہنچیں اور مسافروں کو باہر نکالنے کی کوشش کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کھائی میں گرنے کے بعد مسافر بس میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کی وجہ سے مسافروں کو بس سے نکالنے میں مشکل پیش آئی اور یہی ہلاکتوں میں اضافے کی وجہ بنی۔
حادثے کے متعلق اسسٹنٹ کمشنر لسبیلہ حمزہ انجم کا کہنا ہے کہ مسافر کوچ میں بس میں 48 افراد سوار تھے، جن میں سے 41 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔ جل جانے کی وجہ سے زیادہ تر لاشیں ناقابل شناخت ہیں، اُن کا ڈی این اے کروایا جائے گا۔تمام صورتحال کو خود مانیٹر کر رہا ہوں۔
A passenger bus toppled down in #bela area of #Balochistan as per assistant comisioner 19 dead bodies have been extracted till now & the rescue operation is underway. Increase of death toll feared . In past such accidents have taken place in vehicles ladden with smuggled fuel pic.twitter.com/uJyCn2DDbK
— Daniyal Butt (@butt_daniyal) January 29, 2023
کوچز یونین کے ترجمان نے کہا ہے کہ بیلہ حادثہ چینکی کے مقام پر بارش سے ہونے والی پھسلن کے باعث پیش آیا۔
حادثے کے حوالے سے ایدھی انچارج لسبیلہ ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی کا کہنا ہے کہ بس میں پھنسے مزید مسافروں کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں سے 38 افراد کی لاشیں جناح اسپتال کراچی منتقل کردی گئیں، جہاں اُن کے ڈی این اے ٹیسٹ کیے جائیں گے۔ انتظامیہ نے شناخت کے بعد تین لاشیں لواحقین کے حوالے کردیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نےاس المناک حادثے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ ریسکیو آپریشن جاری رکھ کر زخمیوں کو فوری اسپتالوں تک پہنچائے، زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےافسوسناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار اور مرنے والوں کے بلند درجات کی دعا بھی کی ہے۔