ویب ڈیسک : ڈسکہ میں سوشل میڈیا پر لڑکی سے ہونے والی دوستی کے باعث طالبعلم 5 کروڑ کے زیورات اور نقدی لٹا بیٹھا، واپس مانگنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
سوشل میڈیا پر آج کل نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو ٹریپ کرکے ان سے پیسے لوٹنے اور ہراساں کیے جانے کے واقعات تواتر کے ساتھ پیش آرہے ہیں، ایسا ہی ایک واقعہ ڈسکہ کے اسلام پورہ میں بھی پیش آیا جہاں نوجوان نے اپنے والد کے کروڑوں روپے گنوا دیئے۔ پولیس نے بتایا کہ اسلام پورہ میں کویت سے واپس آنے والے شخص کے بیٹے اسرار کی محلہ کی لڑکی سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی۔
لڑکی 5 مختلف نمبروں سے لڑکے کے موبائل فون پر باتیں کرتی رہی، شروع میں لڑکی نے اپنی ماں کی مدد سے لڑکے سے لاکھوں روپے ہتھیائے۔ پولیس نے بتایا کہ نوجوان لڑکے سے لاکھوں بٹورنے کے بعد ٹک ٹاک بنانے کے بہانے طالبعلم اسرار سے زیورات لانے کا کہا گیا، طالبعلم نے گھر سےدادی اور والدہ کے 100 تولے طلائی زیورات لڑکی کو دیئے۔
واپسی کے مطالبے پر لڑکی کے باپ، 2 بھائیوں نے طالبعلم اسرار اور اس کے باپ پر تشدد کیا، پولیس نے لڑکی کے ماں باپ اور 2 بھائیوں کیخلاف ڈکیتی، تشدد کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔