ویب ڈیسک :کٹر کراچی فلم کے ڈائریکٹر عبد الولی بلوچ نے آصف زرداری پر فلم بنانے کا ارادہ ظاہر کردیا ۔
رواں سال منعقد ہونے والےایک ایوارڈ شو میں ’کٹر کراچی‘ ناظرین کی منتخب کردہ بہترین فلم کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہی،گو کہ فلم کو مختصر دورانیے اور کمزور کہانی پر ناقدین کی جانب سے سخت تنقیدکا سامنا رہا۔ اسی فلم کے ڈائریکٹرعبدالولی بلوچ نے نجی چینل میں گفتگو کی اور مستقبل کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
ان سے سوال کیا گیا کہ کراچی سے متعلق کس پر فلم بنائیں گے؟اس سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈائریکٹر عبد الولی بلوچ نے کہا کہ وہ صدر آصف علی زرداری پر فلم بنانا چاہیں گے۔ولی کا کہنا تھا کہ انہوں نے صدر زرداری جیسی شخصیت پاکستان میں نہیں دیکھی، اس لیے ان کی خواہش ہےکہ ان کی زندگی پر فلم بنائی جائے۔
صدر زرداری پر فلم بنائی تو کس اداکار کو ان کے کردار کے لیے کاسٹ کریں گے؟اس پر ان کا کہنا تھا کہ یہ تو مجھے نہیں پتہ کہ کون اس کردار میں جچےگا، مشابہت کی وجہ سے شاید شبیر جان اس کردار کو کرسکتے ہیں۔
عبدالولی بلوچ نے مزید کہا کہ شبیر جان اچھے فنکار ہیں وہ اس کردار کو اچھا نبھا سکتے ہیں لیکن صدر زرداری کے کردار کے لیے بڑی تلاش کے بعد کوئی نکالنا پڑے گا، جس کا فیصلہ وہ ناظرین پر چھوڑتے ہیں۔