فاران یامین :موبائلز اسکواڈ کی جانب سے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مختلف کارروائیاں کی گئیں، جن کے نتیجے میں مجموعی طور پر 50 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
گرفتار ہونے والوں میں 26 اشتہاری اور 14 عدالتی مفرور شامل ہیں، جبکہ 4 عادی ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری ای پولیس ایپ کی مدد سے عمل میں لائی گئی۔
اس کے علاوہ موبائلز اسکواڈ نے اسلحہ کی نمائش اور وڈالا کلچر کے خلاف بھی کارروائیاں کیں، جن میں 4 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے 1 پستول، 3 رائفلیں، گولیاں اور میگزینز برآمد ہوئے۔
ترجمان کے مطابق ناکہ جات پر ای پولیس ایپ کے ذریعے 53 ہزار 614 سے زائد افراد کا ریکارڈ چیک کیا گیا، جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر 6 ہزار 916 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی جانچ پڑتال کی گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔