باوبکر ارشد:لاہور میں مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت پر عملدرآمد نہ ہوسکا، مارکیٹ میں سرکاری ریٹ سے زائد قیمت پر فروخت جاری ہے۔ شہریوں نے مہنگے داموں فروخت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق مرغی کا گوشت 483 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم پرچون مارکیٹ میں یہ 495 سے 500 روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے، یعنی سرکاری قیمت سے 15 سے 20 روپے زائد وصول کیے جا رہے ہیں۔
اسی طرح چھوٹے گوشت کی سرکاری قیمت 1600 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 2400 سے 2800 روپے فی کلو تک فروخت ہورہا ہے، جبکہ بڑے گوشت کا سرکاری ریٹ 800 روپے ہونے کے باوجود صارفین کو 1000 سے 1200 روپے فی کلو تک ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔
فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 241 روپے فی درجن مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں انڈے 248 سے 250 روپے فی درجن تک فروخت کیے جارہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث مرغی کا گوشت بھی اب غریب اور متوسط طبقے کی پہنچ سے دور ہوتا جارہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مرغی، گوشت اور انڈوں کی سرکاری نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کے لیے مؤثر کارروائی کی جائے۔