قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ کیلئے انٹرویوز مکمل

قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ کیلئے انٹرویوز مکمل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( شہباز علی ) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور باؤلنگ کوچ کے انتخاب کے لئے انٹرویوز مکمل ہو گئے، باؤلنگ کوچ کے لئے وقاریونس مضبوط امیدوار جبکہ ہیڈ کوچ کےلئے تین امیدوار میدان میں ہیں۔

پی سی بی کی پانچ رکنی کوچ فائنڈنگ کمیٹی نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور باؤلنگ کوچ کے عہدوں کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کرلئے۔

سابق کپتان اور کوچ وقار یونس باؤلنگ کوچ کے عہدے کے لئے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں، باؤلنگ کوچ کے عہدے کے دوسرے امیدوار سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد اکرم نے اپنی درخواست آخری لمحات میں واپس لے لی جبکہ سابق ٹیسٹ کرکٹر جلال الدین کو کمیٹی نے شارٹ لسٹ نہیں کیا۔

وقار یونس نے ایک گھنٹہ طویل انٹرویو میں کمیٹی کو اپنے کوچنگ پلان سے آگاہ کیا۔ سابق کپتان قومی ٹیم کے ساتھ ذمہ داریاں نبھانے کے ساتھ ساتھ نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور ریجنل اکیڈمیز میں نوجوان فاسٹ باؤلرز کی راہنمائی کریں گے۔

ہیڈ کوچ کے عہدے کے لئے سابق آسٹریلوی بلے باز ڈین جونز نے ویڈیو لنک پر انٹرویو دیا جبکہ محسن حسن خان اور سابق کپتان مصباح الحق نے کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر انٹرویوز دئیے۔

کوچ فائنڈنگ کمیٹی اپنی تجاویز تیار کر کے چئیر مین پی سی بی کو بھجوائے گی،   ذرائع کے مطابق مصباح الحق ہیڈ کوچ جبکہ وقاریونس باؤلنگ کوچ کے عہدے کے لئے مضبوط امیدوار ہیں۔