ویب ڈیسک: میکسیکو میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں سابق ملکہ حسن کیرولائنا فلورس گومیز کو مبینہ طور پر ان کی ساس نے گولی مار کر قتل کر دیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 15 اپریل کو میکسیکو سٹی کے پوش علاقے پولانکو میں پیش آیا۔ رپورٹس کے مطابق 27 سالہ کیرولائنا اپنے گھر میں موجود تھیں جب ان کی ساس نے اچانک ان پر فائرنگ کر دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد مقتولہ کے شوہر اور ملزمہ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، جس میں ساس نے مبینہ طور پر اپنے بیٹے کو اپنے سے دور ہونے کا ذمہ دار مقتولہ کو ٹھہرایا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گئی، جس کی تلاش جاری ہے، جبکہ حکام اس پہلو کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا مقتولہ کے شوہر کا اس واقعے میں کوئی کردار تھا یا نہیں۔
واضح رہے کہ کیرولائنا فلورس گومیز نے 2017 میں مس ٹین یونیورس باخا کیلیفورنیا کا ٹائٹل جیتا تھا اور وہ سوشل میڈیا پر بطور کانٹینٹ کریئیٹر بھی سرگرم تھیں۔ حال ہی میں وہ ایک بچے کی ماں بنی تھیں۔