ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی انٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ کے خلاف دائر تین سال پرانی توہین عدالت کی درخواست خارج کر دی ۔ عدالت نے قرار دیا کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد ہو چکا ہے، اس لیے توہین عدالت کی درخواست نمٹائی جاتی ہے۔
چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ عالیہ نیلم نےسائلہ نسرین برکت کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل وقاص عمر نے پولیس کی جانب سے رپورٹ پیش کی۔سماعت کےدوران چیف جسٹس عالیہ نیلم نے لاءافسرسےاستفسار کیا کہ "عدالت نےاندراج مقدمہ کی درخواست پر حکم دیا تھا کہ درخواست پر فیصلہ کیا جائے، اس پر کیا کیا گیا؟"اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل وقاص عمرنےعدالت کو بتایا کہ معاملے پر ریگولر کارروائی کے بعد اسے ڈپٹی کمشنر کو ریفر کر دیا گیا ہے۔
لاء افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد کر دیا گیا ہے۔عدالت نے پولیس اور انٹی کرپشن کی جانب سے پیش کیے گئے ریکارڈ اور رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد ہو چکا ہے، لہٰذا توہین عدالت کی کارروائی جاری رکھنے کی ضرورت نہیں۔