زین مدنی: پاکستان کے نامور کامیڈین اور اسٹیج اداکار لکی ڈئیر شدید علالت کے باعث کومے میں چلے گئے ہیں اور ان کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ وہ لاہور کے میو ہسپتال کی میڈیکل ایمرجنسی کے ای سی یو وارڈ میں زیرِ علاج ہیں۔
ذرائع کے مطابق لکی ڈئیر کے معدے، جگر اور پھیپھڑوں نے کام کرنا بند کر دیا ہے جس کے باعث انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز نے ان کی حالت کو نازک قرار دیتے ہوئے اہلِ خانہ کو ملاقات کی اجازت بھی عارضی طور پر معطل کر دی ہے۔
اہل خانہ اور معالجین نے قوم سے دعاؤں کی اپیل کی ہے تاکہ لکی ڈئیر اس بحران سے نکل سکیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان کا تمام علاج حکومتی سطح پر کیا جا رہا ہے تاہم تاحال کسی ساتھی فنکار یا معروف شخصیت کی جانب سے ہسپتال آ کر عیادت نہیں کی گئی، جس پر سوشل میڈیا پر شوبز کمیونٹی کو تنقید کا سامنا ہے۔
میڈیکل ٹیم کے مطابق تمام ضروری ٹیسٹس کیے جا رہے ہیں اور رپورٹس کی روشنی میں آئندہ 24 گھنٹے انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ لکی ڈئیر طویل عرصے سے اسٹیج اور ٹی وی پر اپنی کامیڈی سے لاکھوں لوگوں کو محظوظ کرتے آئے ہیں۔ ان کی اچانک طبیعت بگڑنے کی خبر نے مداحوں اور ساتھی فنکاروں کو افسردہ کر دیا ہے۔