خوشخبری، گھی اور تیل کی قیمتوں سے متعلق اہم خبر آ گئی  

گھی،تیل، نیشنل پرائس کنٹرول ،سٹی42
کیپشن: Ghee and cooking oil
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) مہنگائی سے پریشان عوام کےلئے خوشخبری،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے ایک ماہ میں گھی اور  خوردنی تیل کی قیمتوں میں 20 روپے فی کلو کمی یقینی بنانےکی ہدایت  کردی۔

 تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں احسن اقبال کی زیر صدارت نیشنل پرائس کنٹرول اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں پر عمل درآمد سے متعلق جائزہ لیا گیا،

 اجلاس میں  چیف اکانومسٹ، وزارت خزانہ اور  ایف بی آر کے حکام شریک ہوئے، شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ حالیہ سیلاب سے آلو، ٹماٹر اور دیگر فصلوں کو نقصان پہنچا،ادارہ شماریات کی جانب سے بتایا گیا کہ ایک ہفتے کے دوران 10 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی ہے،  بجلی، ٹماٹر، ایل پی جی سلنڈر، کیلا، لہسن، دال مسور اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے،اجلاس میں گندم اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

 اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے ناجائز منافع خوری کی حوصلہ شکنی کیلئے اقدامات کی ہدایت کی،احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے، ایک ماہ میں گھی اور خوردنی تیل کی قیمتوں میں 20 روپے فی کلوکمی یقینی بنائی جائے،ہماری کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کریں۔

 احسن اقبال کا مزیدکہنا تھا کہ لیہ سےگندم کی فراہمی سے بلوچستان میں قیمت میں خاطر خواہ کمی آنی چاہیے۔