(عثمان علیم) شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) انوارالحق کی زیر صدارت اجلاس میں عارضی و پختہ تجاوزات کے خلاف پیر سے گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں ایل ڈی اے، والڈ سٹی، میٹرو پولیٹن کارپوریشن، پولیس، واپڈا اورمتعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آپریشن کا آغاز پیر سے ہو گا۔ والڈ سٹی اتھارٹی اور ایم سی ایل نے شہربھر میں عارضی و پختہ تجاوزات کے بارے میں بریفنگ دی۔ ایم سی ایل نے بتایا 47 جگہوں پر پختہ تجاوزات کی لسٹ تیار کر لی ہے۔
ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) انوارالحق نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کو سلسلہ وار چلایا جائے۔ ایسی تجاوزات جن کو ہٹانے پر مزاحمت ہو سکتی ہے ان افراد کو ایم پی او کے تحت گرفتار بھی کیا جا سکتا ہے۔آپریشن کی نوعیت کے اعتبار سے پولیس فورس بھی موجود ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران لیسکو، سوئی گیس، واسا اور پی ٹی سی ایل کے اہلکار بھی موجود ہوں گے جوواگزار کروائی گئی جگہوں پر فوری طور پر متعلقہ محکمہ اپنے قبضے میں لینے کے پابند ہونگے.