ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور: فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ

لاہور: فضائی آلودگی میں خطرناک حد تک اضافہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42:  لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں صبح کے وقت فضائی آلودگی کی شدت برقرار ، لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں آج بھی پہلے نمبر پر ہے اور صبح کے اوقات میں شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 420 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

فیصل آباد میں پارٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 622، ملتان میں 485، اور بہاولپور میں 255 ریکارڈ کی گئی۔ طبی ماہرین نے شہریوں کو ماسک پہننے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔فضائی آلودگی کے عالمی ادارے IQAir کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں نئی دہلی دوسرا، ڈھاکا تیسرا اور کلکتہ چوتھا نمبر پر ہے۔ کراچی 165 AQI کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

ادھرمشرقی سمت سے چلنے والی ہوائیں بھارتی پنجاب سے لاہور میں داخل ہو گئی ہیں جس کے باعث آج شہر میں AQI میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ ہوا کی کم رفتار اور کم درجہ حرارت کے سبب مضر ذرات فضا میں جمع رہیں گے۔

فضائی آلودگی کے بڑھنے سے دھند اور حدِ نگاہ میں کمی متوقع ہے۔ صبح، شام اور رات کے اوقات میں آلودگی کی شدت میں اضافہ ہوگا، جبکہ شام کے وقت ٹریفک اور دھول کے اثرات سے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ دوپہر 1 بجے سے شام 6 بجے کے دوران معمولی بہتری کا امکان ہے، مگر مجموعی طور پر پورے دن فضا غیر صحت بخش ہی رہے گی۔شہری، بالخصوص بچے، بزرگ اور سانس یا دل کی بیماریوں کے شکار افراد، احتیاط برتیں۔

ایل ڈبلیو ایم سی کے 16 مکینیکل واشرز اور 50 واشرز اینٹی سموگ آپریشن میں مصروف ہیں۔ سڑکوں کی واشنگ اور پانی کے چھڑکاؤ کے لیے صبح و شام 400 ورکرز تعینات ہیں، اور 300 کلومیٹر سے زائد شاہراہوں پر دن و رات واشنگ جاری ہے۔

اہم شاہراہیں  جیل روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، نور جہاں روڈ، ایم ایم عالم روڈ، جی ٹی روڈ، بند روڈ، راوی روڈ، شاہدرہ، سگیاں، نظریہ پاکستان روڈ، رائیونڈ روڈ، فیروزپور روڈ اور دیگر تمام ہائی AQI ایریاز میں  آپریشن جاری ہے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شہریوں کو ماسک پہننے کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔