سٹی 42 : لاہور کے فیڈریشن چیمبر میں بزنسمین پینل گروپ اور یونائٹیڈ بزنس گروپ کے مرکزی قائدین کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
پریس کانفرنس میں سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز ، پیٹرن انچیف یو بی جی ایس ایم تنویر ،چیرمین بزنس مین پینل میاں انجم نثار ،صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل ،چیرمین یوبی جی زبیر طفیل ،سابق نائب صدر لاہور چیمبر شاہد نزیر چوہدری ،ذکی اعجاز ،امجد چوہدری منظور الملک ،چوہدری غفور ،خادم حسین ،چیرمین فاونڈر ابراہیم شیخ اور دیگر کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر گوہر اعجاز نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ آج ہم نے ایس ایم منیر کی تیسری برسی پر دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک مشکل راستے پر چل رہا ہے، اللہ نے افواج پاکستان کو برتری دی ،دشمن اب خواب میں بھی ڈرتا ہے۔ کمٹمنٹ کا ایسا لیول نہیں دیکھا جیسا اب فیلڈ مارشل کا دیکھا ۔
گوہر اعجاز نے کہا کہ اب بزنس کمیونٹی کی باری ہے کہ ملک کو معاشی طور پر کھڑا کرے ، ہماری امپورٹ 80 بلین تک پہنچ گی کرنسی ڈی ویلیو ہوئی۔ وزیراعظم کو مبارکباد دیتے ہیں کہ دوبارہ ریفارمز کیں، نیگویٹی کا طوفان تھا آج ملک ٹیک آف پوزیشن پر ہے، 32 بلین ڈالر زرمبادلہ کراس کرنے جارہے ہیں ۔ملکی معاشی حالات کو بہتر بنانے کیلئے یوبی جی اور بی ایم پی کو اکٹھا کرنے کا فیصلہ کیا، میاں انجم نثار اور ایس ایم تنویر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، سارے اختلافات کو بھلا کر ایک ہونے کا فیصلہ کیا ۔ میاں انجم نثار اور ایس ایم تنویر نے میرا سر فخر سے بلند کردیا۔ پاکستان کی بزنس لیڈرشپ ایک جگہ کھڑی ہے۔
میاں انجم نثار نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ دشمن نے کمزور سمجھ کر وار کیا دس گنا بڑے دشمن کو شکست دی، فیلڈ مارشل داد کے مستحق ہیں، دنیا میں پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہاکہ اب ہم نے معشیت کی بحالی کی جنگ لڑنی ہے، معشیت درست ڈگر پر نہیں چل رہی، ہماری پیدواری لاگت بہت مہنگی ہے، مارک اپ ،ٹیکسیشن بہت زیادہ ہے، یو اے سی میں بہت سے پاکستانی جارہے ہیں۔
پیٹرن انچیف یو بی جی ایس ایم تنویر نے کہا کہ افواج پاکستان نے اپنی زمہ داری سرانجام دی، اب بزنس کمیونٹی پر منحصر ہے کہ وہ معیشت کی بحالی کیلئے ایک ہو ۔
ساری بزنس کمیونٹی مبارکباد کی مستحق ہے، گرین پاسپورٹ کی دنیا بھرمیں عزت ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت معیشت کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہی ہے،ہم اس میں بھرپور ساتھ دیں گے۔