(ویب ڈیسک) سعودی عرب نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے ونٹر ریلیف پیکج کی تقسیم کا عمل شروع کردیا۔
سعودی عرب کے کنگ سلمان ہیومینئٹیرین اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے موسم سرما کو مدنظر رکھتے ہوئے امدادی سرگرمیاں تیز کردی گئی ہیں۔
سعودی سفارتخانے کے مطابق ونٹر پیکج کے تحت پاکستان کے 14 اضلاع میں سعودی امداد تقسیم کی جارہی ہے، امدادی پیکجز گانچھے، اسکردو، نگر، استور، غذر اور چترال میں تقسیم کیے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ سوات، دیربالا، مانسہرہ اور ڈیرہ اسماعیل خان وغیرہ میں بھی ونٹر ریلیف پکیجز تقسیم کیے جارہے ہیں۔
سعودی سفارتخانے کے مطابق ونٹر پیکیج میں 50 ہزار رضائیاں اور 25 ہزار ونٹر کٹس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ امدادی پیکجز میں مردانہ و زنانہ گرم شالیں اور بچوں و بڑوں کے لیے گرم ملبوسات بھی شامل بیں۔ کنگ سلمان سینٹر کا یہ ریلیف پیکیج این ڈی ایم اے اور صوبائی حکومت کی مدد سے شفاف طریقے سے تقسیم کیا جارہا ہے۔ سعودی سفارتخانے کے مطابق مجموعی طور پر 1 لاکھ 75 ہزار سے زائد افراد اس امدادی پیکج سے مستفید ہوں گے۔