عابد چودھری: لاہور میں عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز سکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ شہر بھر کے تفریحی مقامات، پارکس اور مصروف شاہراہوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ شہریوں خصوصاً فیملیز کے تحفظ کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تفریحی مقامات اور پارکس میں سکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے جبکہ ڈولفن اسکواڈ کے فیملی پٹرولنگ یونٹس کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ پارکس اور عوامی مقامات پر آنے والی فیملیز کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ ون ویلنگ، ہلڑ بازی اور ہوائی فائرنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی گئی ہے اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بلال صدیق کمیانہ نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور شرپسند یا قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری ردعمل یقینی بنایا جائے۔
سی سی پی او نے پولیس فورس کو عید کے دوسرے روز مکمل الرٹ رہتے ہوئے فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی، جبکہ ٹریفک پولیس کو مصروف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے مؤثر اقدامات کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔