علی ساہی: پنجاب پولیس ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے متحرک ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال اب تک 26 لاکھ 52 ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 25 لاکھ 56 ہزار 602 چالان کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق خلاف ورزیوں پر 5 ارب 44 کروڑ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔ دھواں چھوڑنے والی 30 ہزار سے زائد گاڑیوں کے بھی چالان کیے گئے، جبکہ 5358 گاڑیاں مختلف تھانوں میں بند کی گئیں اور 28 گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹس ضبط کیے گئے۔
آئی جی پنجاب نے ہدایت جاری کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور کسی کے ساتھ رعایت نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترمیم شدہ ٹریفک قوانین، اصلاحات اور جدید نظام پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
آئی جی پنجاب کے مطابق صوبے بھر میں قائم 127 ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز میں شہریوں کو ڈرائیونگ کی تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنایا جا سکے۔
انہوں نے ایس ایچ اوز اور ایس ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ بے ہنگم ٹریفک کے خاتمے اور حادثات کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں، جبکہ ٹریفک چالانوں کے نادہندگان سے ریکوری کیلئے بھی سخت اقدامات عمل میں لائے جائیں۔