سٹی42: خوفناک زلزلہ سے عمارتیں گر گئیں، پل ٹوٹ گئے اور سڑکوں پر دراڑیں پڑ گئیں۔ جانی نقصان کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔
میانمار اور تھائی لینڈ آج دوپہر شدید زلزلے سے لرز اٹھے جس کے نتیجے میں جانی نقصان کی بھی اطلاعات مل رہی ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق زلزلے سے میانمار اور تھائی لینڈ میں عمارتیں اور پل زمیں بوس ہوگئے جبکہ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں زیر تعمیر عمارت گرنے سے بھی جانی نقصان کا خدشہ ہے۔
امریکہ کے جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی۔ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز میانمار کے شہر منڈالے سے 17.2 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا، زلزلے کے بعد شدید آفٹر شاک بھی محسوس کیے گئے۔
حکام کے مطابق میانمار کے شہر ٹاؤنگو میں ایک مسجد کے جزوی طور پر منہدم ہونے سے کم از کم 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق آنگ بان میں ایک ہوٹل کے گرنے سے کم از کم 2 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلے سے پانچ شہروں اور قصبوں میں عمارتیں منہدم ہوگئیں، جبکہ یانگون-منڈالے ایکسپریس وے پر دو پل بھی گرگئے۔
میانمار میں زلزلے کے بعد امدادی کارکنان کو ’بڑے جانی نقصان‘ کا خدشہ
میانمار میں منڈلے میں قائم ایک امدادی ٹیم کے ایک رکن نے بی بی سی کو بتایا کہ ’نقصان بہت زیادہ ہوا ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’7.7 شدت کے زلزلے میں خدشہ ہے کہ اموات کی تعداد بھی کافی زیادہ ہو سکتی ہیں۔ ہم ابھی صرف اتنا ہی کہہ سکتے ہیں کیونکہ ابھی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔‘
ہلاک ہونے والوں کی صحیح تعداد ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے لیکن تباہی کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد سینکڑوں میں ہو سکتی ہے۔
تھائی لینڈ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ایمرجنسی میڈیسن کا کہنا ہے کہ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں عمارت گرنے کے مقام پر 70 تعمیراتی کارکن لاپتہ ہیں۔
فیس بک پر ایک پوسٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ جس وقت یہ عمارت منہدم ہوئی اُس وقت اس سائٹ پر تقریباً 320 مزدور موجود تھے اور ان میں سے 20 لفٹ شافٹ میں پھنسے ہوئے ہیں۔
اس زیر تعمیر عمارت میں ہلاکتوں کی تعداد تو ابھی واضح نہیں ہے تاہم جائے حادثہ پر ایک فیلڈ ہسپتال قائم کر دیا گیا ہے جہاں امدادی کارکن زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بینکاک میں منہدم ہونے والی عمارت میں 3 افراد جاں بحق ہونے کی تصدیق
تھائی لینڈ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ایمرجنسی میڈیسن کا کہنا ہے کہ بینکاک میں زلزلے کی وجہ سے زیرتعمیر عمارت کے منہدم ہونے سے تین افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔
فیس بک پر ایک اپ ڈیٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس زیر تعمیر عمارت میں کام کرنے والے دیگر 68 کارکُنان زخمی ہوئے ہیں اور انھیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں سے پانچ افراد کی حالت نازک ہے۔
تھائی لینڈ کے نائب وزیر اعظم کے مطابق سائٹ کے 81 تعمیراتی کارکن اب بھی عمارت کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

میانمار میں جانی نقصان کی ابتدائی اطلاعات
میانمار کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ زلزلے سے کم از کم تین افراد ہلاک اور بنیادی ڈھانچے کو بڑا نقصان پہنچا ہے، جب کہ ایک ڈاکٹر نے خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ میانمار کے دارالحکومت نیپیداو کے ایک بڑے اسپتال میں تقریباً 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
تھائی نائب وزیر اعظم نے کہا کہ بنکاک میں منہدم بلند عمارت کے ملبے میں پھنسے 81 افراد کو نکالنے کے لیے کام جاری ہے جب کہ تین ہلاک ہو چکے ہیں۔