محمد حماد:پاکستان کرکٹ ٹیم کے آئندہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ دوروں کے لیے ٹیسٹ اسکواڈ میں چار فاسٹ بولرز اور ایک فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹیم منیجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے حتمی اسکواڈ کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسکواڈ میں فاسٹ بولرز محمد علی، محمد عباس، خرم شہزاد اور عبید شاہ شامل ہیں، جبکہ آل راؤنڈر کے طور پر عامر جمال کو منتخب کیا گیا ہے۔دوسری جانب گزشتہ اسکواڈ کا حصہ رہنے والے شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور حماد بٹ کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔
20 سالہ فاسٹ بولر عبید شاہ پہلی مرتبہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے 16 فرسٹ کلاس میچوں میں 72 وکٹیں حاصل کی ہیں۔تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس 29 ٹیسٹ میچوں میں 110 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور اسکواڈ کے سب سے سینئر بولر ہوں گے۔محمد علی، جنہوں نے 4 ٹیسٹ میچوں میں شرکت کی ہے، ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں۔ خرم شہزاد نے اب تک 7 ٹیسٹ میچوں میں 28 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
آل راؤنڈر عامر جمال بھی اسکواڈ میں واپس آ گئے ہیں۔ انہوں نے 8 ٹیسٹ میچوں میں 352 رنز اسکور کرنے کے ساتھ 21 وکٹیں حاصل کی ہیں۔