افشاں رضوان:لالہ زار کالونی کی 80 فٹ روڈ پر سیوریج کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر گیا ہے جہاں گلیوں اور سڑکوں پر گندا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق سیوریج لائنیں بند ہونے کے باعث گندا پانی گھروں کے باہر کھڑا رہنے لگا ہے جس سے روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے اور آمدورفت میں دشواری پیدا ہو گئی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ تعفن اور بدبو نے ماحول کو آلودہ کر دیا ہے جبکہ بچوں اور بزرگوں کیلئے گلیوں سے گزرنا بھی مشکل ہو چکا ہے۔ اہلِ علاقہ نے بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
مقامی افراد کے مطابق متعدد بار شکایات درج کروانے کے باوجود انتظامیہ کی جانب سے کوئی مؤثر عملی اقدام سامنے نہیں آیا، جس پر شہریوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
اہلِ علاقہ نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے، سیوریج لائنوں کی صفائی اور مسئلے کے مستقل حل کا مطالبہ کیا ہے۔