سٹی 42: امریکی کانگریس کے وفد نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں امریکی کانگریس کے نمائندہ ریان زنکے اور نمائندہ مائیکل بومگارٹنر کے علاوہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ اور امریکی ناظم الامور نٹالی بیکر بھی موجود تھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی کانگریسی ارکان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور ان کے دورے کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے کی جانب مثبت پیش رفت قرار دیا۔ وزیراعظم نے امریکی آزادی کی 250ویں سالگرہ پر کانگریس ارکان اور امریکی عوام کو مبارکباد دی اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی 2025 میں کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کے حوالے سے صدر ٹرمپ کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے خطے میں امن کے فروغ میں مدد ملی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی، معدنیات اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں امریکہ کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔
امریکی کانگریسی ارکان نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ صدر ٹرمپ کے پاکستانی قیادت کے ساتھ مثبت تعلقات ہیں، جن کے دوطرفہ روابط پر بھی اچھے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی رابطوں کو مزید وسعت دینے اور پاکستان آنے والے امریکی کانگریسی وفود اور امریکہ کا دورہ کرنے والے پاکستانی پارلیمانی وفود کی تعداد بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
بعد ازاں وزیراعظم نے پاکستان کا دورہ کرنے والے امریکی کاروباری وفد کے اعزاز میں استقبالیہ دیا، جس میں آئی ٹی، ٹیکنالوجی، توانائی، کان کنی اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندگان شریک تھے۔
وزیراعظم نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اقتصادی تعاون پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کا اہم ستون ہے۔ انہوں نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔
استقبالیہ تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء اور اعلیٰ سرکاری حکام نے بھی شرکت کی۔