طاہر جمیل: شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد ڈپٹی کمشنر لاہور کی خصوصی ہدایت پر نکاسی آب کا آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور واسا کی ٹیمیں پانی کے فوری اخراج کے لیے فیلڈ میں متحرک ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے بارش کے دوران واسا اور ضلعی انتظامیہ کے افسران و عملے کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
واسا کا فیلڈ اسٹاف اور نکاسی آب کی مشینری اہم شاہراہوں اور نشیبی علاقوں میں تعینات کر دی گئی ہے، جبکہ متعلقہ ٹیمیں بارش کے پانی کی نکاسی کے عمل کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے واضح کیا کہ نکاسی آب کا عمل مکمل ہونے تک تمام متعلقہ محکموں کا عملہ فیلڈ میں موجود رہے گا اور صورتحال کی نگرانی جاری رکھی جائے گی۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں، تاروں اور دیگر برقی آلات سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہریوں کی سہولت اور محفوظ آمدورفت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔