حسن علی: پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپے کمی کے باوجود شہریوں نے اس ریلیف کو ناکافی قرار دیتے ہوئے حکومت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا مطالبہ کیا ہے۔
شہر میں ایک روپے کمی کے بعد پٹرول 336 روپے 62 پیسے فی لیٹر میں فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 37 پیسے فی لیٹر اضافے کے بعد اس کی نئی قیمت 389 روپے 16 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے وقت بڑے پیمانے پر اضافہ کیا جاتا ہے، تاہم کمی کے موقع پر معمولی ریلیف دیا جاتا ہے، جو عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے کافی نہیں۔
شہریوں نے مزید کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں مسلسل اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ کے اخراجات بڑھ رہے ہیں، جس کے نتیجے میں اشیائے خورونوش سمیت دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے تاکہ بڑھتے ہوئے معاشی بوجھ میں کچھ کمی آ سکے۔