ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کیسے معلوم ہو گاکہ گوشت گائے بکرے کا ہے یا گدھےکا؟فرق جانیے

کیسے معلوم ہو گاکہ گوشت گائے بکرے کا ہے یا گدھےکا؟فرق جانیے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پاکستان میں گدھے کے گوشت کی فروخت کی اجازت نہیں ہے لیکن اس کے  باوجود  بعض اوقات  اس کے فروخت کی خبر  سامنے آجاتی ہے جس سے عوام تشویش میں مبتلا ہوجاتے ہیں کہ وہ گائے بکرے کے نام  پر کہیں گدھے کا  گوشت تو نہیں کھا رہے۔

 گزشتہ روز اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے ترنول میں چھاپہ مار کر 50 سے زائد گدھے اور 25 من گوشت برآمدکیا تھا،ترنول کے علاقے میں گدھوں کےگوشت کے لیے سلاٹرہاؤس بنایا گیا تھا، سلاٹر ہاؤس میں گدھے ذبح کر کےگوشت کولڈ سٹوریج میں رکھا جاتا تھا، گوشت کا ایک حصہ پاکستان میں غیر ملکی باشندوں کو بھجوایا جاتا تھا  اورگدھے کی کھالیں اور گوشت بیرون ملک بھی سپلائی کیا جاتا تھا۔

 ذرائع کا کہنا ہےکہ گدھوں کو ذبح کرنےکے لیے قصائی بھی بیرون ملک سے بلوایا گیا تھا اور گدھے کے گوشت کےلیے سلاٹر ہاؤس چلانے والے 2 غیر ملکی گرفتار ہیں، سلاٹرہاؤس سے 14 گدھوں کی باقیات اور45 گدھے زندہ برآمدکیےگئے۔

 ذرائع کے مطابق گدھوں کےگوشت کی مقامی مارکیٹوں میں سپلائی کےشواہد نہیں ملے۔ تاہم اس کے باوجود شہریوں میں اس حوالے سے تحفظات پائے جاتے ہیں۔

 عام طور پر گدھےکےگوشت کو دوسرے گوشت (جیسے گائے یا بکرے) سے پہچاننا مشکل ہوسکتا ہے، لیکن کچھ عام نشانیاں یہ ہو سکتی ہیں۔

 گدھےکا گوشت عام طور پر زیادہ گہرے سرخ رنگ کا ہوتا ہے۔ اس کی ساخت باریک ریشے دار ہوتی ہے اور اس میں چکنائی کم ہوتی ہے، چکنائی کا رنگ سفیدی مائل سرمئی ہوتا ہے۔

 ماہرین کے مطابق مٹن اور بیف ( گائے یا بکرے) کے ریشے ذرا سخت ہوتے ہیں۔ اگر آپ گوشت کا ایک بڑا ٹکڑا ہتھیلی پر رکھیں تو وہ ہتھیلی پر جما رہے گا جب کہ گدھے کے گوشت کے ریشے بہت نرم ہوتے ہیں اور وہ قدرے لجلجا ہوتا ہے، اس لیے ہتھیلی پر وہ جما نہیں رہےگا اور گرسکتا ہے۔

 اس کے علاوہ گدھےکےگوشت میں ایک خاص قسم کی میٹھی بو ہوسکتی ہے جو پکاتے ہوئے خواتین پہچان سکتی ہیں، پکانے پر اس کی بو بعض اوقات زیادہ تیز یا عجیب لگ سکتی ہے۔

 ماہرین کا کہنا ہے کہ گدھے کا گوشت ذائقے میں بھی قدرے مختلف ہوتا ہے،کھانے میں  یہ تھوڑا میٹھا اور چبانے میں سخت محسوس ہوسکتا ہے۔

 کینیا میں  مقامی لوگوں نےگدھےکے گوشت کی شناخت کے لیے جو دیسی طریقے اپنا رکھے ہیں میں سے ایک یہ ہے کہ گدھے کا گوشت ابالتے وقت عام گوشت کے مقابلے میں زیادہ جھاگ پیدا کرتا ہے۔

 مذکورہ بالا نشانیوں کے ذریعے آپ اطمینان کرسکتے ہیں کہ آپ کو گائے بکرے کے نام پر گدھے کا گوشت فروخت نہیں کیا گیا تاہم ضروری ہے کہ آپ ہمیشہ اپنے سامنے ذبح کیے گئے جانور کا گوشت خریدیں یا پھر حکومت سے منظور شدہ مارکیٹوں سے مہر لگا ہوا گوشت خریدیں۔

 اگر آپ کو  شبہ ہو تو فوڈ اتھارٹی سے یا مقامی حکام سے رجوع کریں۔