مانیٹرنگ ڈیسک: شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث بلوچستان کو سندھ، پنجاب سے ملانے والی قومی شاہراہ ایک بار پھر بند کردی گئی۔
ضلعی انتظامیہ بولان کے مطابق پنجرہ پل کے مقام پر عارضی راستہ ایک مرتبہ پھر سیلاب کی زد میں آ گیا ہے۔ قبل ازیں یہ عارضی راستہ 5 دن بند رہنے کے بعد گزشتہ روز چند گھنٹے کے لیے کھولا گیا تھا، جو ایک بار پھر سیلابی ریلے کی وجہ سے بند ہوگیا ہے۔
قومی شاہراہ کی بندش سے مسافر شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ قومی شاہراہ کی بار بار بندش مستقل مسئلہ بن چکا ہے، حکومت اس کا مستقل حل نکالے۔
دوسری جانب مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بولان میں شدید بارشوں کی وجہ سے پنجرہ پل پر سیلابی ریلہ گزر رہا ہے، لہٰذا مسافر اور ٹرانسپورٹرز سفر سے گریز کریں۔