سٹی42: اسلام آباد میں ماحول دوست اور جدید عوامی نقل و حمل کے نظام کو فروغ دینے کیلئے الیکٹرک ٹرام منصوبے پر جلد فیزیبلٹی سٹڈی کرانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اسلام آباد میں ماحول دوست اور جدید عوامی نقل و حمل کے نظام کو فروغ دینے کے مقصد سے الیکٹرک ٹرام اور ای بس منصوبے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں ممبر ایڈمن، ممبر پلاننگ و ڈیزائن، ممبر فنانس اور ڈی سی اسلام آباد سمیت سی ڈی اے کے دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں دارالحکومت اسلام آباد میں الیکٹرک ٹرام اور الیکٹرک بسوں منصوبے کے عملی نفاذ اور انفرااسٹرکچر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسلام آباد شہر بھر میں الیکٹرک ٹرام منصوبے پر جلد فیزیبلٹی سٹڈی کرانے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔
الیکٹرک ٹرام منصوبے کے تحت ٹرام کیلئے ڈپو، پارکنگ، چارجنگ انفراسٹرکچر اور مرمت کے جدید سہولیات شامل ہوگی ۔منصوبے کو جدید انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم (ITS) کے مطابق نافذ العمل بنایا جائیگا۔الیکٹرک ٹرام منصوبہ مکمل طور پر جدید خطوط پر استوار، آرام دہ اور ماحول دوست منصوبہ ہوگا۔اس منصوبے کو جدید ٹرانزٹ سسٹم سے مربوط کیا جائے گا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور کیش لیس بنایا جائے، اس ماحول دوست ٹرانسپورٹ منصوبے میں کاربن کریڈٹ کے حصول کو پلاننگ فیز میں یقینی بنایا جائے، الیکٹرک ٹرام منصوبے کو اسلام آباد کے اہم مقامات اور خصوصاً اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے منسلک کرنے کیلئے فیزیبلٹی سٹڈی کرائی جائے،اس ضمن میں تازہ ترین رائیڈر شپ کے اعداد و شمار اور مستقبل کی مانگ کو مدنظر رکھا جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد میں میں یہ تاریخی اقدام نہ صرف شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کریگا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی کا باعث بھی بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین ،سستی اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔