سٹی42: سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں فائرنگ اور تشدد کے واقعے میں تین صنعتی ورکرز زخمی ہو گئے جبکہ سکیورٹی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ زخمیوں کو ریسکیو ٹیموں نے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ ایک ورکر پر تشدد کے دوران بیچ بچاؤ سے شروع ہوا، جس کے بعد فائرنگ اور حملہ کیا گیا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان بلا اور عتیق نے جاوید اقبال اور پرویز کی دائیں ٹانگ پر فائرنگ کی، جبکہ ملزم بگھی نے دستی کلہاڑی سے حسین نامی شخص کو زخمی کیا۔ دیگر ملزمان ثقلین اور اشتیاق نے ڈنڈوں سے حملہ کیا۔
سندر سکیورٹی نے فائرنگ میں ملوث دو افراد کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ پولیس نے مجموعی طور پر پانچ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمہ متاثرہ جاوید اقبال کے بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔