(ملک اشرف) سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کو احکامات کے باوجود عدالت پیش نہ کرنے پر لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی۔
درخواست فواد چودھری کے قریبی عزیز نبیل شہزاد نے دائر کی، جس میں آئی جی اسلام آباد اور آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ 25 جنوری کو ہائیکورٹ نے بار بار فواد چودھری کو عدالت پیش کرنے کےاحکامات دیئے لیکن اسلام آباد پولیس نے عدالتی احکامات کے باوجود فواد چودھری کوعدالت پیش نہیں کیا۔ اور اس طرح عدالتی احکامات سے انحراف کیا۔
درخواست میں یہ بتایا گیا عدالتی احکامات کے بارے میں مختلف ذرائع سے پولیس حکام کو آگاہ کیا، درخواست میں نکتہ اُٹھایا گیا کہ احکامات کو عمل نہ کرنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔ اس لیےمتعلقہ حکام کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔