( یاور ذوالفقار ) لاہور ہائیکورٹ نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی ایل ڈی اے سٹی کرپشن کیس میں درخواست ضمانت منظور کر لی۔
دو رکنی بنچ نے احد چیمہ کی ایل ڈی اے سٹی کیس درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ درخواستگزارکی جانب سے ایڈووکیٹ امجد پرویز پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ 23 ماہ سے احد چیمہ گرفتار ہے، ڈیڑھ سال سے ایل ڈی اے سٹی کا ریفرنس ہی نہیں پیش کیا گیا، ایل ڈی اے سٹی میں احد چیمہ کے علاوہ ایل ڈی اے کا کوئی بھی ملازم ملزم نہیں بنایا گیا۔
عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ ریفرنس فائل نہ ہونے کی کیا وجوہات ہیں۔ نیب پراسکیوٹر فیصل بخاری نے بتایا کہ ایل ڈی اے سٹی کیس کلوز ہو رہا ہے، ایل ڈی اے کی جانب سے متاثرہ افراد کو پلاٹس کی فراہمی پر سپریم کورٹ نے کیس نمٹا دیا ہے۔
نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ اس کیس میں احد چیمہ کی ضمانت منظور کر لی جائے تو کوئی اعتراض نہیں ہوگا، عدالت نے دلائل سننے کے بعد احد چیمہ کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔